حوزات علمیہ کی اعلی کونسل کے اراکین نے آج صبح رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای سے ملاقات کی ۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اس ملاقات میں جوان طلاب میں موجود اعلی فکری صلاحیتوں کی شناخت کے بارے میں منصوبہ بندی اور ان سے استفادہ کرنے پر تاکید کی۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اس ملاقات میں معاشرے میں دینی معلمین اور اساتید کی تربیت کے لئے پالیسیاں مرتب کرنے کے سلسلے میں حوزات علمیہ کی اعلی کونسل کے کردار کو بہت ہی اہم اور حیاتی قراردیا اور اعلی کونسل اور حوزات علمیہ کی مدیریت کی زحمات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے فرمایا: حوزہ علمیہ کی مدیریت اور اعلی کونسل کے وظائف اور ذمہ داریوں کی حدود یعنی پالیسی بنانے اور اس کے نفاذ کی حدیں واضح تر ہونی چاہییں تاکہ اس کا فائدہ کئی گنا بڑھ سکے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا: انقلاب اسلامی کا مقصد اوراس تحریک کو منزل مقصود تک پہنچانے کے سلسلے میں حضرت امام خمینی (رہ) کی فداکاریوں اور جاں فشانیوں کا اصلی ہدف اسلامی شریعت اور شرعی احکام کا نفاذ تھا۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: انقلاب اسلامی کے مؤثر نقاط کو پہچاننے اور ان کے اصلی اصولوں پر چوٹ پہنچانے کے لئے دشمن کے پاس منصوبہ ہے اور اپنے مقاصد تک پہنچنے کے لئے دشمن کی نظریں حوزات علمیہ پر بھی مرکوز ہیں۔ لہذاحوزات علمیہ میں انقلابی جذبہ ، جوان طلاب اورمنشورروحانیت کا تحفظ ایک ضرورت ہے اور یہ وہ چیز ہے جس کے بارے میں حضرت امام (رہ) نے بھی اپنی آخری عمر مبارک میں تاکید کی تھی۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے جوان طلاب میں مخفی صلاحیتوں اور ظرفیتوں کی شناخت پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا: ملک کے مختلف اور گوناگوں شعبوں میں جوان عظیم ، حیرت انگیز اور خلاقیت پر مبنی کام ا نجام دے رہے ہیں اور حوزہ علمیہ کے طلاب میں بھی ایسی ہی درخشاں صلاحیتیں موجود ہیں اور ان حلقوں کو پہچاننے اور پھر ان سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے اور ان سے ذمہ دارانہ کام کا مطالبہ کیا جائے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ملک کے مختلف شہروں میں بزرگ علماء کے حضور اور نمونوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: دینی اور تربیتی امور کو انجام دینے کے لئے طلاب کی شہروں کی طرف ہجرت اور روانگی بہت اچھا اور ضروری اقدام ہے اوراس سلسلے میں پروگرام اس طرح مرتب کرنا چاہیے تاکہ کوئی شہر بزرگ عالم دین سے خالی نہ رہے۔
اس ملاقات میں حوزات علمیہ کی اعلی کونسل کے سکریٹری حجۃ الاسلام والمسلمین حسینی بوشہری اور حوزات علمیہ کے مدیر حجۃ الاسلام والمسلمین اعرافی نے اعلی کونسل اور مدیریت حوزات علمیہ کی گذشتہ 4 برسوں کے دوران فعالیت کے بارے میں رپورٹ پیش کی۔