رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای کی موجودگی میں حسینیہ امام خمینی (رہ) میں حضرت زہرا سلام اللہ علیھا کی عزاداری کے سلسلے میں دوسری مجلس عزا منعقد ہوئی جس میں بعض اعلی حکام سمیت عوام کے مختلف طبقات کے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
مجلس عزا سے حجۃ الاسلام والمسلمین رفیعی نے خطاب میں اللہ تعالی اور الہی اقدار کے لئے غصہ اور خشم کو مقدس قراردیتے ہوئے کہا کہ اہلبیت علیھم السلام کی سیرت سے پتہ چلتا ہے کہ حق کے انکار، دین میں بدعت گزاری، مقدسات کی توہین، سماجی منکرات، کرپشن اور کارکنوں کی خیانت کے مقابلے میں سکوت اور خاموشی جائز نہیں ہےجیسا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا نے حق ولایت کا انکار اور اسے فراموش کرنے کے سلسلے میں خاموشی اور سکوت اختیار نہیں کیا۔
حجۃ الاسلام رفیعی نے ولایت فقیہ، حضرت امام خمینی (رہ) اور شہیدوں کے وصیتناموں کو حق کی پہچان کا یقینی اور قطعی معیار قراردیتے ہوئے کہا کہ حق کے دفاع میں قربانی دینی پڑتی ہے جیسا کہ شہید سلیمانی جیسے اسلام کے عظيم شہیدوں نے اپنی جان کی قربانیاں پیش کیں اور مقدس غصہ اور خشم کے ذریعہ اسلام اور ایران کے دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ مجلس عزا میں جناب محمود کریمی نے مصائب پیش کئے اور نوحہ خوانی کی۔