یوکرائن کے مسافر بردار طیارے کے حادثے کے بارے میں ایران کی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف کی تحقیقات کے نتائج کے بعد، رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اپنے پیغام میں اس حادثے میں ممکنہ کوتاہیوں اور غلطیوں کاجائزہ لینے کا حکم دیتے ہوئے اس قسم کے حادثات کے عدم تکرار پر تاکید کی ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی کے پیغام کا متن حسب ذيل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
یوکرائن کے مسافر بردار طیارے کے حادثے کے بارے میں ایران کی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف کی تحقیقات کے نتائج سے آگاہ ہونے اور اس حادثے میں انسانی خطا کے اثبات کے بعد اس دردناک اور غمناک حادثے کا غم میرے لئے مزید سنگين ہوگیا ہے ۔ سب سے پہلے میں ایک بار پھر اس المناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے عزیزوں کے اہلخانہ کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انھیں تعزیت اور تسلیت پیش کرتا ہےاور اللہ تعالی کی بارگاہ میں ان کے لئے صبر و تحمل کی دعا اور ان کے روحی اور قلبی سکون کی آرزو کرتا ہوں ۔ دوسرے میں مسلح افواج کے جنرل اسٹاف کو اس حادثے میں ممکنہ کوتاہیوں اور غلطیوں کاجائزہ لینے کی سفارش کرتا ہوں اور تیسرے میں متعلقہ مدیروں اور حکام سے اس قسم کے حوادث کےعدم تکرار کے سلسلے میں ضروری اقدامات انجام دینے کا مطالبہ کرتا ہوں۔ اللہ تعالی جاں بحق ہونے والوں پر اپنی رحمت اور مغفرت نازل فرمائے اور پسماندگان کو صبر اور اجر عنایت فرمائے۔
سید علی خامنہ ای
21 دیماہ / 1398