ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

نۓ سوالات کے جوابات (نومبر)

 
ایسے شخص کے ذریعے جماعت کا اتصال جس کی نماز باطل ہے
سؤال1:اگر نماز کے بعد معلوم ہو کہ کسی وجہ سے ایک شخص کی نماز باطل تھی تو کیا اس سے دوسروں کی نماز پر کوئی اثر پڑے گا؟
جواب:اگر نماز پڑھتے وقت اس کی نماز کے باطل ہونے کا یقین نہ رکھتے ہوں یا دیگر افراد کے ذریعے جماعت کی صفوں میں اتصال قائم ہو تو دوسروں کی نماز صحیح ہے۔
 
غیر صحیح غسل کے ساتھ عبادت انجام دینا
سؤال2:ایک شخص عرصہ دراز تک غسل کی نیت سے سر اور بدن کو ترتیب کا خیال رکھے بغیر شاور کے نیچے دھوتا رہا اب گذشتہ نمازوں اور روزوں کے سلسلے میں اس کی ذمہ داری کیا ہے؟
جواب:مذکورہ صورت میں غسل صحیح نہیں تھااور ایسے غسل کے ساتھ جو نمازیں پڑھی ہیں ان کی قضا کرنا ضروری ہے اور روزوں کے متعلق اگر یہ سمجھتا تھا کہ اس طرح سے غسل صحیح ہوتا ہے تو اس کے گذشتہ روزے صحیح ہیں۔
 
پیروں کے مسح کی مقدار
سؤال3: میں پیروں کے مسح میں اپنے ہاتھ کو پیر کی ابھری ہوئی جگہ تک کھینچتا تھا اور حال ہی میں مجھے پتہ چلا ہے کہ ٹخنے کے جوڑ تک کھینچنا ہوتا ہے تو کیا میری گذشتہ نمازیں جن کے لئے پیر کے ابھار تک مسح کرتا تھا،باطل ہیں؟
جواب: گذشتہ نمازوں سے متعلق آپ کے ذمہ کچھ نہیں ہے لیکن آئندہ سے ٹخنے کے جوڑ تک مسح کیجئے۔
 
رشتہ داروں سے میل جول
سؤال4: کیا ان رشتہ داروں کے ساتھ بھی صلہ رحمی واجب ہے کہ جن سے میل جول ذہنی اذیت کا باعث بنتا ہے اور تهمت، غیبت اور هتک حرمت کے اسباب فراہم ہوتے ہیں؟
جواب:خونی رشتہ داروں کے ساتھ قطع رحمی کرنا جائز نہیں ہے، تاہم صلہ رحمی کا دار و مدار بالمشافہ ملنے ملانے اور رفت و آمد رکھنے پر نہیں ہے پلکہ ٹیلیفون اور خط کے ذریعے خیریت دریافت کرنے اور پیغام ارسال کرنے سے بھی ہو سکتی ہے۔
 
والدین کی مرضی کے بغیر لڑکے کی شادی
سؤال:5 اگر میں کسی لڑکی کا رشتہ مانگوں اور اس کے گھر والے راضی ہو جائیں لیکن میرے گھر والے مخالف ہوں تو کیا اس میں شرعی لحاظ سے اشکال ہے؟
جواب:کلی طور پر بالغ لڑکے کی شادی کے لئے ماں باپ کی رضامندی شرط نہیں ہے لیکن کوشش کریں کہ اس اہم کام میں اپنے والدین - کہ جو آپ کے خیر خواہ بھی ہیں اور تجربہ بھی رکھتے ہیں ـ سے مشورہ ضرور کریں اور حتی الامکان ان کی رضامندی حاصل کریں۔
 
قرآن کا واجب سجدہ
سؤال:6 کیا قرآن کا واجب سجدہ بھی سجدہ گاہ یا اسی چیز پر کرنا ضروری ہے کہ جس پر سجدہ کرنا صحیح ہے یا یہ سجدہ قالین پر بھی کیا جا سکتا ہے؟
جواب:قرآن کے واجب سجدے میں بھی ضروری ہے کہ پیشانی اسی چیز پر رکھی جاۓ کہ جس پر نماز میں سجدہ ہو سکتا ہے لیکن نماز والے سجدے کے دیگر شرائط - جیسے باوضو ہونا اور قبلہ رخ ہونا وغیرہ - ضروری نہیں ہیں، اسی طرح اس سجدے میں ذکر پڑھنا بھی واجب نہیں بلکہ مستحب ہے تاہم بہتر ہے کہ یہ ذکر پڑھا جاۓ «لااله الّا الله حقاً حقاً، لااله الّا الله ايماناً وتصديقاً، لااله الّا الله عبوديّتاً ورقّاً، سجدتُ لک يا ربّ تعبّداً و رِقّاً، لامستنکفاً ولامُستکبراً، بل أنا عبدٌ ذليلٌ ضعيفٌ خائفٌ مستجيرٌ.»
 
پرانے سونے کا نئے سونے سے تبادلہ کرنا
سؤال7:کیا استعمال شدہ سونے کو نئے سونے کے ساتھ تبدیل کرنا اشکال رکھتا ہے ؟
جواب:اگر دونوں کا وزن برابر ہو یا ایک کا کم ہو لیکن اس کے ساتھ کوئی رقم یا دوسری چیز اضافہ کردی جاۓ تو اشکال نہیں ہے لیکن دونوں کا وزن مساوی ہونے کی صورت میں کسی ایک کے ساتھ بھی کوئی رقم اضافہ کرنا جائز نہیں ہے، بہرحال بہتر ہے کہ ہر ایک کا علیحدہ علیحدہ لین دین کے ساتھ معاملہ کیا جاۓ مثلا پہلے پرانا سونا خرید لے اور پھر نیا سونا بیچ دے یا اس کے برعکس کر لے۔
 
پی ٹی سی سائٹس سے کمائی کرنا
سوال: میں نے ایک پی ٹی سی (paid to click)ویب سائٹ پر دو میلین تومان سرمایہ کاری کی ہوئی ہے اور وہ سائٹ بھی مجھے دولاکھ اسی ہزار تومان ماہانہ خالص منافع دیتی ہے۔ اس کے کام کا طریقہ یہ ہے کہ میں چار سے پانچ پی ٹی سی اشتہارات دیکھتا ہوں جس کا دورانیہ تقریباً ۳۰ سیکنڈ ہوتا ہے اور میں نے اسی ویب سائٹ پر کچھ کرائے کے ذیلی زمرہ جات بھی خریدے ہوئے ہیں کہ جو سب روبوٹ کی صورت میں کام کرتے ہیں اور وہ ہر رات میرے اکاونٹ میں منافع اور سرمایہ دونوں ہی ڈال دیتے ہیں یعنی ہر رات ۱۲ بجے میرے اکاونٹ میں ۷۹ ہزار تومان آجاتے ہیں کہ جن کا مہینے میں حساب لگاوں تو ۲۸۰۰۰۰ تومان منافع یا ایک دن میں ۹۵۰۰ تومان منافع بنتا ہے، کیا یہ کام جائز ہے یا نہیں؟
جواب: یہ کام کہ جو غیر حقیقی امور، فریب اور جہل پر اغراء (ورغلانے اور بہکاوے) پر قائم ہوتا ہے، جائز نہیں ہے۔
 
استبراء
سؤال9:کیا پیشاب کے بعد استبراء کرنا واجب ہے؟ نیز اس کا فائدہ کیا ہے؟
جواب: استبراء ایک مستحب عمل ہے کہ جو مرد پیشاب کے بعد انجام دیتے ہیں۔ استبراء کی کئی اقسام ہیں جن کے انجام دینے کا طریقہ توضیح المسائل میں بیان ہوا ہے۔ استبراء کی کئی اقسام ہیں کہ جن کا طریقہ مسائل کی کتابوں میں مذکور ہے استبراء کا فائدہ یہ ہے کہ اگر پیشاب کے بعد ایسی رطوبت خارج ہوجائے کہ جس کے بارے میں معلوم نہ ہو کہ یہ پیشاب ہے یا نہیں تو اگر استبراء کیا ہو تو اس رطوبت کو پاک سمجھا جاۓ گا۔
 
نماز کی حالت میں عورت کا اپنے بدن کو ڈھانپنا
سؤال10: نماز کی حالت میں عورت کے لئے کس طرح اپنے بدن کو ڈھانپنا ضروری ہے؟ اور اگر کوئی نامحرم نہ ہو تو کیا پھر بھی پورے بدن کو ڈھانپنا ضروری ہے؟
جواب: نماز کی حالت میں عورت کے لئے اپنے چہرے کی گولائی اور کلائی تک ہاتھوں کے علاوہ پورے بدن کو ڈھانپنا واجب ہے اور اگر کوئی نامحرم نہ ہو تو ٹخنوں تک پیروں کو ڈھانپنا واجب نہیں ہے۔
 
نماز کے دوران بدن کا نجس ہو جانا
سؤال11: اگر نماز کے دوران ناک سے خون نکل آۓ تو کیا نماز باطل ہے ؟
جواب:اگر خون ناک کے اندر رہے اور اس سے باہر سرایت نہ کرے تو کوئی اشکال نہیں ہے لیکن اگر خون باہر نکل آۓ تو پھر اگر نماز سے منافی کوئی عمل انجام دئے بغیر بدن کو پاک کرنا ممکن ہو تو بدن کو پاک کر کے نماز کو مکمل کرے لیکن اگر نماز کی حالت کو برقرار رکھتے ہوۓ بدن کو پاک کرنا ممکن نہ ہو اور وقت بھی وسیع ہو تو واجب ہے کہ نماز کو توڑ کر پاک بدن کے ساتھ نماز پڑھے۔
 
700 /