ہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی جانب سے دو پودے لگائے جانے کے ساتھ ملک بھر میں یوم شجر کاری اور ہفتہ قدرتی ذخائر کا آغاز ہو گیا۔
اس موقع پراپنے مختصرخطاب میں رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سیدعلی خامنہ ای نے فرمایا کہ یوم شجرکاری، بہار کی آمد کی نوید اور درختوں کی اہمیت کی یاد دہانی کراتا ہے۔ آپ نے درختوں اور جنگلات پر عدم توجہ کے باعث ہونے والے نقصانات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ معاشرے میں شجر کاری کی ثقافت کو فروغ دیئے جانے کی ضرورت ہے۔
رہبرانقلاب اسلامی نے عمارتوں کی تعمیر اور ترقیاتی کاموں کے نام پر درخت کاٹے جانے کے واقعات پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے فرمایا کہ متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس قسم کے اقدامات کا سختی سے نوٹس لیں۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے متعلقہ سرکاری اور نجی اداروں خاص طور سے عدلیہ پر زور دیا کہ وہ جنگلاتی علاقوں کی حفاظت اور نگرانی پر گہری توجہ دیں اور انہیں نقصان پہنچائے جانے کی اجازت نہ دیں۔
واضح رہے کہ ایران میں چھے سے تیرہ مارچ تک ہفتہ قدرتی ذخائر منایا جاتا ہے اور اس کے پہلے دن کو یوم شجرکاری قرار دیا گیا ہے۔