پھلوں کی فروخت میں ملاوٹ
س۱۔ میرا پیشہ پھل فروشی ہے، یہ طبیعی ہے کہ پھل بیچنے کے لئے ہم ان کی خامیوں کو چھپائیں، جیسے کہ سامنے والے حصے کو بہترین پھلوں سے پر کریں، البتہ خریداری کے وقت گاہک پھلوں کو ہاتھوں سے چنتے ہیں، یا گاجر جیسے پھلوں - جنہیں اگلے روز بیچنا ہوتا ہے- کی تازگی برقرار رکھنے کے لئے پانی میں رکھ دیتے ہیں اور صبح انہیں خشک کر لیتے ہیں یا گذشتہ رات کے پھلوں کو نئے پھلوں کے ساتھ ملا دیتے ہیں، کیا یہ کام لین دین میں ملاوٹ ہے؟
جواب: اگر بیچنے والا اپنے مال کو جیسا وہ ہے، اس سے بہتر دکھائے اور کوئی ایسا کام کرے جو گاہک کی نظر میں اس کی قیمت بڑھا دے تو یہ کام دھوکہ دہی ہے اور اس صورت میں اگر گاہک دھوکہ کھا لے تو معاملہ فسخ کرنے کا حق رکھتا ہے۔
متعدد زلزلوں میں نماز آیات
س۲۔ ہمارے شہر میں چند لمحوں کے فاصلے سے دو زلزلے آئے اس طرح کہ ہمیں گمان ہوا کہ ایک زلزلہ آیا ہے، لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ دو الگ الگ زلزلے آئے تھے، کیا ہمیں دو نماز آیات پڑھنی چاہئے؟
جواب: اگر عرف میں ایک زلزلہ شمار ہو اور عام لوگوں نے ایک زلزلہ محسوس کیا ہو تو ایک نماز آیات واجب ہے۔
سائبر اسپیس میں بے حجابی کی تائید
س۳۔ کیا سوشل میڈیا پر بے حجاب افراد کی تصاویر لائک کرنا جائز ہے؟ اگر کسی کا چہرہ مشخص نہ ہو یا غیر مسلمان ہو تو اس کا کیا حکم ہے؟
جواب: اگر باطل اور گناہ کی تائید اور ترویج شمار ہو تو جائز نہیں ہے۔
حجاب کے ساتھ مختصر میک اپ
س۴۔ عورت کا حجاب کے ساتھ اور بالوں کو چھپا کر مختصر طور پر میک اپ کرنے کا کیا حکم ہے؟ عورت کا رنگین لیز کا استعمال کرنا جو کہ آنکھوں کے رنگ سے زیادہ مختلف نہ ہو، کیا حکم رکھتا ہے؟
جواب: جو چیز عرف میں زینت اور میک اپ شمار ہوتی ہے، اسے نامحرم سے چھپانا ضروری ہے۔
ظاہری طور پر نماز جماعت میں شرکت کرنا
س۵۔ میں کسی عقلی مصلحت کی بنا پر ایسے امام جماعت کی اقتدا کرتا ہوں جسے میں عادل نہیں سمجھتا اور بعد میں نماز کو دوبارہ پڑھتا ہوں، اگر میرے ذریعے امام اور مامومین کے درمیان اتصال قائم ہو رہا ہو تو کیا انہیں بتانا واجب ہے کہ میں نماز کو دوبارہ پڑھتا ہوں؟
جواب: کہنا ضروری نہیں ہے۔
گلوکار اور موسیقار کی آمدنی
س۶۔ ایک شخص کا پیشہ شادی بیاہ کی تقریبات میں گلوکاری کرنا ہے، وہ لہوی موسیقی کے ساتھ گلوکاری کرتے ہوئے دوسروں کو رقص کرنے کا شوق دلاتا ہے، کیا اس کی آمدنی اشکال رکھتی ہے؟
جواب: اگر اس کی گلوکاری اور موسیقی بجانا حرام طرز پر ہو تو اس کام کے لئے تنخواہ لینا جائز نہیں ہے۔
معنوی آثار کی ملکیت
س۷۔ کیا معنوی آثار کے مالک جیسے کہ مصنف، سافٹ وئیر بنانے والے یا ناشر یہ شرط کرسکتے ہیں کہ:
الف) خریدنے والا کتاب یا سی ڈی کسی دوسرے کو نہ دے۔
ب) خریدنے والا اس کتاب میں درج مطالب دوسروں کو تعلیم نہ دے۔
جواب: اگریہ شرطِ ضمنِ معاملہ(proviso) ہو تو بذات خود اس میں کوئی اشکال نہیں ہے اور خریدار کی جانب سے اسے قبول کرنے کی صورت میں اس پر عمل کرنا ضروری ہے۔
انٹر نیٹ کے مقابلوں کے انعامات
س۸۔ کیا انٹرنیٹ کے مقابلوں میں شرکت کرنا کہ سوالات کے جوابات دینے پر انعام وصول ہوتا ہے، جائز ہے؟
جواب: اگر مقابلے میں شرکت بغیر فیس (مفت) ہو یا متعدد افراد کے مابین نہ ہو کہ ہارنے والوں کی رقم جیتنے والوں کی دی جاتی ہو تو کوئی حرج نہیں ہے۔
امام جماعت کی قرائت
س۹۔
الف) اگر امام جماعت کی قرائت صحیح نہ ہو، مثال کے طور پر کسرہ (زیر) کی جگہ فتحہ (زبر) پڑھے تو کیا اقتدا کرنا صحیح ہے؟
ب) ان نمازوں کا کیا حکم ہے جو ہم نے پہلے ان کی اقتدا میں ادا کی ہیں؟
جواب:
الف) اگر امام جماعت کی قرائت – حتی کہ حروف کی حرکات(زیر، زبر اور پیش وغیرہ) کے حوالے سے- صحیح نہ ہو تو اقتدا کرنا صحیح نہیں ہے۔
ب) اگر نہ جانتے ہوں کہ امام جماعت کی قرائت میں اشکال تھا یا یہ عقیدہ تھا کہ اقتدا کرنا صحیح ہے تو گذشتہ نمازیں صحیح ہیں۔
کھیلوں کے مقامات میں حجاب
س۱۰۔ کیا خواتین نامحرم کی موجودگی میں کھیل، جیسے کہ کوہ پیمائی کے لئے یا بعض جمنازیمز میں کھیلوں کا مخصوص لباس استعمال کرسکتی ہیں؟
جواب: ایسے مقامات پر جہاں خواتین نامحرم کی نظروں کے سامنے ہوں ان پر واجب حجاب کی مراعات کرنا ضروری ہے، اس میں کھیل اور اس کے علاوہ دوسرے امور میں کوئی فرق نہیں ہے، لہذا لباس اور وہ حرکات جو خواتین انجام دیتی ہیں اس انداز میں نہیں ہونی چاہئیں کہ نامحرم کی توجہ جذب کریں اور مفسدہ (برائی) پھیلانے والی ہوں۔