نماز کی صفوں میں کسی چیز کا حائل ہونا
س۱۔ اگر نماز جماعت میں دوسری یا تیسری یا کسی اور صف میں دیوار یا کسی اور حائل کی وجہ سے بعض افراد اگلی صفوں کے کسی فرد کو نہ دیکھ پائیں،اگرچہ اپنے ساتھ والے افراد کے ذریعے جماعت سے متصل ہوں ،تو کیا نماز جماعت کے ساتھ ان کا اتصال صحیح ہے؟
جواب: جماعت کے ساتھ اتصال صحیح نہیں ہے۔
اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کا خمس
س۲۔ جو سرمایہ بازارِ حصص(اسٹاک ایکسچینج) یا کسی اور جگہ پر لگایا گیا ہے، کیا اس پر خمس کی تاریخ آنے پر خمس لگے گا؟ کیا اس کا خمس دینا ضروری ہے؟
جواب: اگر سرمایہ کاری کی رقم آمدنی کا حصہ ہو تو اس پر خمس لگے گا۔
افراد یا اداروں کے حقوق کی پائمالی کا احتمال
س۳۔ حساب کتاب میں عدم توجہ اور احتیاط نہ کرنے کی وجہ سے میں احتمال دیتا ہوں کہ مجھ پر کچھ لوگوں یا اداروں کا پانچ، چھ لاکھ تومان کا قرض ہے۔ مجھے صحیح طرح سے معلوم نہیں ہے کہ کتنی مقدار میں اور کن لوگوں کا مقروض ہوں۔ اب میں کس طرح ازالہ کرسکتا ہوں؟
جواب: محض احتمال کی بنا پر آپ پرکوئی چیز واجب نہیں ہوگی لیکن احتیاط کے پیش نظر احتمالی رقوم ان کے مالک کی طرف سے فقیر کو صدقہ دے سکتے ہیں اور اگر حکومتی اداروں سے متعلق ہو تو رقم کو سرکاری خزانے میں جمع کرادیں۔
یکطرفہ شرط لگانا
س۴۔ بعض اوقات میں اور میرا بھائی کھیل کھیلتے ہیں۔ میرا بھائی کہتا ہے کہ اگر تم جیت گئے تو تمہیں فلاں رقم دوں گا لیکن ہارنے کی صورت میں مجھے کوئی رقم نہیں دینی پڑے گی، کیا یہ شرط لگانا جوا شمار ہوگا اور حرام ہے؟ اگر میں رقم جیت جاوں تو کیا حرام کے پیسے ہیں؟
جواب: اگر مذکورہ شرط کی بنیاد پر کوئی رقم ادا کی جائے تو وہ جوا اور حرام ہے۔
زیارتی کاروان کے منتظمین کی نماز اور روزہ
س۵۔ ایسے افراد جو عتبات عالیہ کے کاروان کے مذہبی گائیڈ یا نوحہ خواں اور ذاکر یا کاروان کے سالار کی حیثیت سے ایک مہینے میں دو یا تین مرتبہ سفر پر جاتے ہیں اور یہ کام ان کا پیشہ شمار ہوتا ہو، ان کی نماز اور روزوں کا کیا حکم ہے؟ کیا پہلے ہی سفر سے ان کی نماز پوری(کامل) ہے؟
جواب: مذکورہ فرض میں چونکہ عرفی طور پر ان کے سفر، پیشے کے سفر شمار ہوتے ہیں، سفر کے دوران حتی کہ پہلے سفر میں بھی ان کی نماز پوری ہوگی اور اگر کسی جگہ پر دس دن قیام کریں تو اس اقامت کے بعد پہلے سفر میں ان کی نماز قصر ہوگی اور بعد والے پیشہ کے جتنے سفر ہوں گے ان میں نماز پوری ہوگی۔
رہائشی گھر کی اضافی منزلوں کا خمس
س۶۔ جس شخص کی تین منزلہ عمارت ہو، پہلی منزل میں وہ خود رہائش پذیر ہو، دوسری منزل میں اس کا بیٹا اپنے بیوی بچوں کے ساتھ رہ رہا ہو اور تیسری منزل کو کرایے پر دیا ہوا ہو تو کیا اس مذکورہ عمارت کی ان دو اضافی منزلوں پر خمس واجب ہے یا نہیں؟
جواب: اگر بیٹے کو رہائش فراہم کرنا عرفی طور پر اس کے اخراجات اور اس کی شان کا حصہ شمار ہوتا ہو تو دوسری منزل پر خمس نہیں ہے لیکن تیسری منزل اگر اپنی کمائی کی رقم سے بنوائی ہو اور شروع سے ہی اس کی ضروریات میں شامل نہیں تھی اور کرایے پر دے دی تھی تو اس پر خمس ہے۔
ان پیسوں کو استعمال کرنا جو غلطی سے اکاونٹ میں آجائیں
س۷۔ تقریباً تین مہینے پہلے میرے اکاونٹ میں تقریباً ۱۹ لاکھ تومان آئے، میں نے کئی مرتبہ اس ادارے کو اطلاع دی جس کے بارے میں مجھے گمان تھا کہ اس نے غلطی سے ڈالے ہوں گے لیکن اس کی جانب سے کوئی رد عمل اور جواب دریافت نہیں ہوا۔ ان پیسوں کی نسبت میری کیا ذمہ داری ہے اور اس مدت کے دوران وہ مختصر سا منافع جو اس رقم پر ملا ہے، اس کا کیا حکم ہے؟
جواب: ہر صورت میں آپ کے لئے اکاونٹ میں آئے ہوئے پیسوں اور اس کے منافع کا استعمال جائز نہیں ہے اور اس کے مالک کو واپس کرنا پڑے گا مگر یہ کہ اسے تلاش کرنا ممکن نہ ہو تو اس صورت میں مالک کی طرف سے فقیر کو صدقہ دے دیں۔
دوسروں کے انٹرنیٹ کا استعمال
س۸۔ ایسے انٹرنیٹ کو استعمال کرنے کا کیا حکم ہے جس پر پاس ورڈ نہ لگا ہو اور ہمیشہ کھلا ہوا ہو اور ممکن ہے کہ وہ شخص اس کے استعمال سے آگاہ ہو۔ کیا یہ حقوق الناس میں سے شمار ہوگا ؟ اگر شمار ہوگا تو کیا کرنا پڑے گا؟
جواب: اگر آپ کو مالک کی رضامندی کے متعلق اطمینان نہیں ہے تو اس کو استعمال کرنا جائز نہیں ہے اور جتنی مقدار میں آپ نے استعمال کیا ہے اس کی قیمت کے ضامن ہیں۔
غسل میں کسی چیز کے مانع ہونے کے بارے میں تحقیق کرنا
س۹۔ اگر غسل کے دوران ناخنوں پر کوئی چیز لگی ہوئی ہو اور انسان نہ جانتا ہو کہ وہ پانی پہنچنے میں مانع ہے یا نہیں، تو کیا تحقیق کرنا ضروری ہے؟ کیا ہوسکتا ہے کہ اسے اہمیت نہ دیں؟
جواب: تحقیق کرنا ضروری ہے اور انسان اس کے مانع نہ ہونے کے بارے میں اطمینان حاصل کرے ورنہ پانی اس کے نیچے(ناخنوں) تک پہنچانا لازمی ہے۔
شرط کے پیسوں کو استعمال کرنا
س۱۰۔ اگر کسی شخص کو کسی مجمع میں دوسرے افراد کے شرط لگانے کے نتیجے میں کھانے پینے کی کوئی چیز یا مال اگرچہ کم ہو، ملے جبکہ وہ شخص ان کی شرط میں شامل بھی نہ ہو اور اس شرط کو مانتا بھی نہ ہو تو اس کھانے پینے کی چیز کا کیا حکم ہے اور کیا اس کی قیمت ادا کرنا ضروری ہے تا کہ شرط کا حرام مال شمار نہ ہو؟
جواب: دوسرے افراد بھی اس حرام مال کو استعمال نہیں کرسکتے جو شرط لگانے کے نتیجے میں حاصل ہوا ہو۔