قرآن کو زمین پر رکھنا
س۱۔ کیا قرآن کو زمین پر رکھنے میں کوئی حرج ہے؟
ج: اگر عرف میں یہ کام قرآن کی بے حرمتی شمار ہوتا ہو تو جائز نہیں ہے۔
موسیقی کے آلات خریدنا
س۲۔ میں گیٹار خریدنا چاہتا ہوں اور خود اپنے لئے موسیقی بجانا چاہتا ہوں جبکہ برائی یا غنا کے لئے اسے استعمال نہیں کرنا چاہتا تو کیا کوئی شرعی ممانعت رکھتا ہے؟
ج۔ اگرچہ موسیقی بجانا لہوی* نہ ہو تو اس میں کوئی حرج نہیں ہے لیکن بہتر ہے کہ جوانان عزیز، اپنے قیمتی وقت کو مفید علوم و فنون کے سیکھنے میں صرف کریں اور اپنے فرصت کے اوقات کو کھیل، ورزش اور سالم تفریحات سے پُر کریں۔
* یعنی اپنی خصوصیات کی وجہ سے انسان کو اللہ تعالی، معنویات اور اخلاقی فضائل سے دور کرکے بے بندوباری، بیہودگی اور گناہ کی طرف لے جاتا ہے۔
نماز کی حالت میں سلام کا جواب دینا
س۳۔ اگر انسان کو نماز کے دوران کوئی سلام کرے تو اس کا جواب کس طرح دے گا؟
ج۔ فوری طور پر اسے کیے گئے سلام کی طرح جواب دے، اس طرح کہ سلام کا لفظ مقدم ہو، مثال کے طور پر اگر کہے : « سلام علیکم» تو جواب دے : «السَلام عَلَیکم» یا «سَلامُ عَلَیکم» اور «عَلَیکم السَلام» نہ کہے.
اس انسان کی غیبت کرنا جو اس پر راضی ہو
س۴۔ اگرکسی نے ہمیں یہ بتایا ہو، کہ میری پیٹ پیچھے جتنی بھی غیبت کرو کوئی بات نہیں، تو کیا ان حالات میں غیبت حرام ہے؟
ج۔ حتی سوال میں مفروضہ حالت میں بھی غیبت حرام ہے۔
منہ میں خون لگی غذا
س۵۔ بعض اوقات کھانا کھاتے وقت منہ کا اندرونی حصہ دانتوں میں چبالیتے ہیں اور ہمارے منہ میں خون آجاتا ہے تو اس حالت میں اگر کھانے میں خون لگ جائے تو کیا وہ نجس ہوجاتا ہے؟
ج۔ احتیاط کی بنا پر اس غذا کو کھانے سے پرہیز کیا جائے۔
ممیّز بچے کی غیبت کرنا
س۶۔ ممیّز بچے کی غیبت کرنے کا کیا حکم ہے؟
ج۔ ممیّز بچے کی غیبت کرنا حرام ہے۔
میت کو مسجد میں دفن کرنا
س۷۔ کیا جائز ہے کہ کسی مسلمان کو مسجد میں دفن کریں؟ اگر کسی نے وصیت کی ہوئی ہو تو کیا اس کی مسجد میں دفن کرنے کی وصیت پر عمل کرنا ضروری ہے؟
ج۔ اگر مسجد کے وقف کا صیغہ جاری کرتے وقت واقف(وقف کرنے والے) کی طرف سے میت کا دفن کرنا مستثنی نہ ہوا ہو تو مسجد میں میت کو دفن کرنا جائز نہیں ہے ۔
غسلِ توبہ
س۸۔ کیا گناہوں سے توبہ کرنے کا غسل ہے؟ اس غسل کو انجام دینے کا طریقہ کیا ہے؟
ج۔ گناہوں سے توبہ کرنے کے لئے مستحب ہے کہ غسل کرے جبکہ اس کو انجام دینے میں دوسرے غسلوں سے کوئی فرق نہیں ہے۔ صرف نیت میں فرق ہے۔
مسجد کی تعمیر میں خمس کا استعمال
س۹۔ کیا میں اپنے خمس کو ذاتی طور پر مسجد کی تعمیر کے استعمال کے لئے دے سکتا ہوں؟
ج۔ مذکورہ کام میں نذورات، زکات اور دوسرے صدقات خیریہ سے استفادہ کرنا چاہئے اور موجودہ حالات میں اس کام میں خمس کے استعمال کی اجازت نہیں ہے۔
زچگی کے بعد چالیسویں دن کا غسل
۱۰۔ وہ عورت جو زچگی سے فارغ ہوئی ہو، چالیسویں دن اس پر کون سا غسل واجب ہے؟
ج۔ عورت پر چالیسویں دن کا کوئی مخصوص غسل واجب نہیں ہے۔
عادت کے ایام میں تربت کو مس کرنا
س۱۱۔ کیا ماہواری عادت کے ایام میں یا بغیر وضوء کے تربت کی تسبیح سے ذکر پڑھا جاسکتا ہے؟ یا تربت کی سجدہ گاہ پر سجدہ کیا جاسکتا ہے؟
ج۔ کوئی حرج نہیں ہے ،مگر یہ کہ اس پر اسمائے متبرکہ لکھے ہوئے ہوں۔
شرعی عذر کے ایام میں صلوات اور اذکار کا ورد کرنا
س۱۲۔ کیا حیض کے ایام اور جنابت کی حالت میں، قرآن پڑھنا یا صلوات بھیجنا یا اس جیسے اذکار کا ورد کرنا مکروہ ہے؟
ج۔ مجنب اور حائض پر واجب سجدہ والی آیات کی تلاوت کرنا حرام ہے اور حائض کے لئے نماز کے وقت کے علاوہ دوسرے اوقات میں بقیہ آیات کی تلاوت کرنا مکروہ ہے، لیکن نماز کے اوقات میں مستحب ہے کہ خود کو پاک صاف کرکے وضوء کرے اور قرآن کی تلاوت کرے یا ذکر میں مشغول رہے ،جبکہ وہ شخص جو مجنب ہے اس کے لئے مکروہ ہے کہ ان آیات میں سے جن میں سجدہ واجب نہیں ہے،سات آیات سے زیادہ تلاوت کرے۔
جماعت کی پہلی صف میں مسافر کا اتصال توڑنا
س۱۳۔ نماز کی پہلی صف میں مسافر کے قصر کی حالت میں نماز ادا کرنے کی صورت میں دوسری رکعت کے بعد دوسرے مأمومین کے لئے جو دائیں یا بائیں جانب سے اس(مسافر) کے ذریعے امام جماعت سے متصل ہوتے ہیں، کیا حکم ہے؟
ج۔ اگر دوسرے مأمومین کی صفوف کا اتصال باقی رہے یا نماز قصر کے ختم ہونے کے فوراْ بعد بلافاصلہ کسی دوسری واجب نماز کے ساتھ اقتدا کرے تو کوئی حرج نہیں ہے۔
نماز میت کو بھول جانا
س۱۴۔ ہم نماز میت پڑھنا بھول گئے تھے اور ایک ہفتے کے بعد ہمیں یاد آیا کہ نماز نہیں پڑھی تھی تو اب ہماری کیا ذمہ داری ہے؟
ج۔ ضروری ہے کہ جب تک اس کا جسم گل سڑ نہ جائے اس وقت تک ان شرائط کا خیال رکھتے ہوئے جو توضیح المسائل میں نمازِ میت کے لئے بیان ہوئی ہیں، اس کی قبر پر نماز پڑھیں۔
طلاقِ رجعی کی عدت کے زمانے میں بیوہ عورت کا اپنے شوہر سے ارث لینا
س۱۵۔ وہ عورت جو طلاقِ رجعی کی عدت میں ہے اور عدت کے زمانے میں اس کا شوہر فوت ہوجائے تو کیا اسے شوہر سے ارث ملے گا؟
ج۔ اسے ارث ملے گا۔