ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

نۓ سوالات کے جوابات (‫نومبر)

 
عرقِ گلاب سے وضوء کرنا
س۱۔ کیا عرقِ گلاب سے وضوء کرنا مستحب ہے؟
ج۔ عرقِ گلاب، آبِ مضاف ہے اور اس سے وضوء کرنا صحیح نہیں ہے۔
 
میزبان کا مہمان کو روزہ رکھنے سے منع کرنا
س۲۔ اگر میزبان مہمان کو مستحبی روزہ رکھنے کی اجازت نہ دے اور مہمان چاہتا ہو کہ اس دن کا روزہ رکھے لیکن میزبان کے اجازت نہ دینے کی وجہ سے روزہ نہ رکھے تو کیا اسے اس دن کے روزے کا ثواب ملے گا؟
ج۔ مہمان کا میزبان کی اجازت کے بغیر یا اس کے نہی(منع) کرنے کے باوجود روزہ رکھنا مکروہ ہے اور اس صورت میں کہ مہمان روزہ رکھ لے اور میزبان اسے کھانے کی دعوت دے تو مستحبی روزے کی حالت میں مؤمن کی دعوت کو قبول کرنا شرعی طور پر پسندیدہ امر ہے، لہٰذا برادرِ مؤمن کی دعوت پر کھانا کھانا اگرچہ اس کے روزے کو باطل کردیتا ہے لیکن اسے روزے کے اجر اور ثواب سے محروم نہیں کرتا ہے۔
 
سود کھانے والے شخص سے تحفہ لینا
س۳۔ مجھے ایک شخص نے عیدی دی ہے اور میں جانتا ہوں کہ اس شخص نے اپنی زندگی میں سود لیا ہے تو میں اس عیدی کی رقم کا کیا کروں؟
ج۔ اگر آپ کو یقین نہ ہوکہ جو عیدی اس نے آپ کو دی ہے حرام مال میں سے ہے تو آپ کے لئے اسے صرف کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔
 
نماز میں آنکھیں بند کرنا
س۴۔ کیا نماز میں توجہ حاصل کرنے(حضورِ قلب) کے لئے آنکھوں کو بند کرنے میں کوئی حرج ہے؟
ج۔ نماز میں آنکھوں کو بند کرنے کی کوئی شرعی ممانعت نہیں ہے، اگرچہ رکوع کے علاوہ آنکھیں بند کرنا مکروہ ہے۔
 
جلد کے ورم اور سوزش
س۵۔ کیا چھالے (آبلے) کا پانی نجس ہے؟
ج۔ اگر اس میں خون نہ ہو تو پاک ہے۔
 
کچوے کا پیشاب
س۶۔ کچوے کی مانند جانور کے پیشاب، لید (پاخانہ) اور منی کا کیا حکم ہے؟
ج۔ وہ جانور جو خونِ جہندہ نہیں رکھتا، اس کا بول (پیشاب)، غائط (پاخانہ) اور منی پاک ہے اور اس بات کی تشخیص کہ کچوا کون سی قسم کے حیوانات میں ہے؟ مکلف کے ذمے ہے۔
 
چاند گرہن کی قضا نماز
س۷۔ ایک مہینہ پہلے چاند گرہن ہوا تھا اور مجھے ابھی معلوم ہوا ہے کہ پچھلےمہینے میں جس جگہ پر تھا وہاں چاند گرہن ہوا تھا تو کیا میں نماز آیات کو قضا کی نیت سے بجا لاؤں؟
ج۔ اگر چاند مکمل طور پر گرہن ہوا تھا تو قضا کی نیت سے پڑھیں۔
 
صیغۂ نکاح کی قرائت کے صحیح ہونے کے بارے میں شک
س۸۔ اگر ایک مرد اور خاتون نے خود ہی عقدِ دائم پڑھا ہو لیکن انہیں اس کے صحیح عربی میں پڑھنے کے بارے میں شک ہو تو اس کا کیا حکم ہے؟
ج۔ احتیاط واجب کی بنا پر نکاح کے عقد کو صحیح عربی میں پڑھا جانا چاہئے اور اس مسئلے کی طرف متوجہ ہونے کی صورت میں اگر عقد کے بعد صحیح ہونے کے بارے میں شک ہو تو اس عقد پر صحیح ہونے کا حکم لگے گا۔
 
مستحب نماز توڑنا
س۹۔ کیا واجب ہے کہ مستحب نماز پڑھتے وقت جب ہمارے والد یا والدہ ہمیں بلائیں تو نماز کو توڑ دیں؟
ج۔ اگر جواب نہ دینا انہیں تکلیف(ایذاء) پہنچانے کا باعث نہ بنے تو واجب نہیں ہے۔
 
مستحب نماز میں بعض آیات پڑھنا
س۱۰۔ کیا ہم مستحب نماز میں ایک مکمل سورہ پڑھنے کے بجائے کچھ آیات کی قرائت کرسکتے ہیں؟
ج۔ کوئی حرج نہیں ہے۔
 
نجاست کی جگہ (محدودہ) میں شک
س۱۱۔ اگر ہم جانتے ہوں کی کوئی چیز نجس ہے لیکن معلوم نہ ہو کہ اس کا کون سا حصہ نجس ہے تو اس کا کیا حکم ہے؟
ج۔ اسے پاک کرنے کے لئے ان تمام حصوں کو پاک کرنا ضروری ہے جن کےبارے میں گمان ہوکہ وہاں نجاست ہوسکتی ہے، البتہ پاک نہ ہونے تک بھی اگر کوئی تر(گیلی) چیز اس کے بعض حصوں سے مل جائے تو وہ نجس نہیں ہوگی۔
700 /