ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

نیول یونیورسٹی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر سپریم کمانڈر کا خطاب:

ایرانی قوم امریکہ سے مرعوب نہیں ہوئی، اور اسے شکست کا مزہ چکھایا

رہبر انقلاب اسلامی اور مسلح افواج کے سپریم کمانڈر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے نو ستمبر کی صبح کو ایران کے شمالی خطے میں واقع نوشہر نیول فورس یونیورسٹی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں  خطاب کرتے ہوئے فوجی لباس کو ایک بابرکت اور باعث افتخار لباس قرار دیا اور علاقے میں بدامنی اور عدم ثبات پھیلانے والے سامراج کی شرارت آمیز پالیسیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ ایران اور ایرانی عوام نے ثابت کر دیا ہے کہ اگر کوئی قوم منھ زوروں کے ناک بھوں چڑھانے سے نہ ڈرے اور اپنی توانائیوں پر بھروسہ کرے تو وہ دنیا کی سپر طاقتوں کو پسپائی اور شکست پر مجبور کر سکتی ہے۔

اسلامی انقلاب کا پیغام دوسری قوموں کے دلوں میں اتر چکا ہے اور خطے میں امریکہ کی سازشیں ناکام ہو گئی ہیں

اتوار کے روز فوجی افسران کی پاسنگ آوٹ پریڈ اور تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے مسلح افواج کے سپریم کمانڈر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ سامراجی طاقتیں خطے میں بدامنی اور عدم استحکام پھیلانے میں مصروف ہیں۔
آپ نے فرمایا کہ عالمی سامراج اور ان کے سرخیل، ظالم امریکہ کو علاقے میں خانہ جنگی، دہشت گرد گروہوں کی گھناؤنی سرگرمیوں اور جھڑپوں کی حمایت میں اپنا مفاد دکھائی دے رہا ہے اور افسوس کی بات ہے کہ خطے کے بعض ممالک بھی اس کا ساتھ دے رہے ہیں۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ امریکہ اور صہیونی حکومت کا ہدف یہ ہے کہ خطے میں کوئی اسلامی طاقت سر نہ اٹھائے کیونکہ انہیں اچھی طرح معلوم ہے کہ اسلام، مستضعفین اور پسماندہ لوگوں کے دفاع کا پرکشش پیغام دیتا ہے۔ لہذا انہیں اسلامی بنیادوں پر کسی بھی طاقت کے ابھرنے کا خوف لاحق ہے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے سامراج کے مقابلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی بھرپور استقامت کو اس خطے میں ظالم عالمی طاقتوں کی شکست کی اہم ترین وجہ قرار دیا۔
آپ نے فرمایا کہ دنیا بھر کے سیاسی تجزیہ نگار اور ذہین افراد اس بات پر حیران ہیں اور اسکا اعتراف کرتے ہیں کہ ایران نے خداوند متعال پر توکل اور اپنی قومی طاقت وقوت کے بل بوتے پر عالمی طاقتوں کو اس خطے میں شکست سے دوچار کر دیا ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران پچھلے چالیس برس سے امریکہ اور اس کے آلہ کاروں کے تخریب کارانہ حملوں کی زد پر رہا ہے لیکن آج ایران کے اسلامی انقلاب کا یہ پودا ایک توانمند اور پھلدار درخت میں تبدیل ہو چکا ہے اور سامراجی طاقتوں کی تمام تر کوششوں کے با وجود اسلامی انقلاب کا پیغام دوسری قوموں کے دلوں میں اتر چکا ہے اور خطے میں امریکہ کی سازشیں ناکام ہو گئی ہیں۔

آّپ نے فرمایا کہ ظالم طاقتیں دوسری قوموں کو ڈرا دھمکاکر، ناک بھوں چڑھا کر اور باتوں باتوں میں طاقت کا مظاہرہ کرکے مرعوب کرنا چاہتی ہیں تاہم اگر کوئی ملت بلاخوف، اپنی صلاحیتوں پر اعتماد اور اطمینان، حق اور انصاف کے راستے پر شجاعت کے ساتھ چل پڑی، تو ان بڑی طاقتوں کو بھی پسپائی اور شکست سے دوچار کر سکتی ہے۔
ایران کی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر نے شام، عراق اور لبنان کو خطے میں امریکی سازشوں کی ناکامی کا نمونہ قرار دیا اور فرمایا کہ یہ پروردگار عالم کی طاقت اور وعدہ الہی کے سچے ہونے کی نشانیاں ہیں جو یہ کہتا ہے کہ اگر تم خدا کے ساتھ رہو گے تو خدا بھی تمہاری مدد کرے گا اور تمہیں ثابت قدم رکھے گا۔

فوج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آپ نے فرمایا کہ اس یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہزاروں پرعزم اور باایمان نوجوانوں کی موجودگی ہر عقلمند انسان کو ایران کے مستقبل کی جانب سے پر امید کردیتی ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ملک کے اس روشن مستقبل کی بھاری ذمہ داری نوجوانوں پر اور اس کا ایک اہم اور حساس حصہ، فوج کے غیرتمند جوانوں کے ذمے ہے۔

آپ نے ملت ایران کو دنیا بھر میں آزادی و انصاف کا علمبردار اور مسلح افواج کو اپنی ملت کا محافظ قرار دیا اور اس قابل فخر اور مکمل ایمانی اور قومی جذبے پر ثابت قدم  رہنے پر زور دیا۔

عراق اور لبنان کے خطے میں امریکی سازشوں کی ناکامی، پروردگار عالم کی طاقت اور وعدہ الہی کے سچے ہونے کی نشانی ہے۔

مسلح افواج کے سپریم کمانڈر اور قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ مختلف ممالک کے عوام کی بڑی تعداد عدل و انصاف کو پسند کرتی ہے  لیکن سامراج کے چنگل سے آزادی اور انصاف حاصل کرنے کے لئے ان کے سامنے کوئی راستہ موجود نہیں ہے۔ آپ نے فرمایا کہ ایسے عالم میں اسلامی جمہوری نظام اور ملت ایران، کھل کر اور صاف و شفاف طریقے سے ظلم اور سامراج کے سامنے اپنی استقامت کا مظاہرہ کر رہی ہے  اور ایران کی عظیم قوم سے دنیا بھر کی ظالم طاقتوں کی دشمنی کی اصل وجہ بھی یہی ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے اس موقع پر فرمایا کہ دشمن طاقتیں انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا سمیت مختلف شعبوں میں مایوسی کے ساتھ نوجوانوں کو متاثر کرنے کی سرتوڑ کوشش کر رہی ہیں جس کے لئے ضروری ہے کہ مکمل ہوشیاری، وحدت اور خدا پر بھروسے کے ساتھ مقابلہ کیا جائے۔

پروگرام کی ابتدا میں رہبر انقلاب اسلامی اور مسلح افواج کے سپریم کمانڈر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے شہیدوں کے مزار پر فاتحہ خوانی کی اور انقلاب اور مقدس دفاع کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر آپ نے فوجی دستوں کا بھی معائنہ کیا۔

رہبر انقلاب نے اسلامی جمہوریہ ایران کی نیوی کے سابق کمانڈر ان چیف، ایڈمیرل حبیب اللہ سیاری کو ملک کی بحری سرحدوں کی کامیاب حفاظت اور ان کی دیگر وسیع خدمات کے پیش نظر، انہیں ایران کے سب سے اہم اعزاز، سنہری تمغہ فتح سے نوازا۔

پاسنگ آؤٹ پریڈ کے دوران، قائد انقلاب نے فوجی یونیورسٹی کے اساتذہ اور فارغ التحصیل ممتاز کیڈٹوں کو مختلف تحائف اور اعزازات سے نوازا اور کندھوں پر فوجی عہدوں کی پٹیاں لگائیں۔

پروگرام کے دوران رہبر انقلاب اسلامی نے فوجی مشقوں اور پریڈ کا بھی معائنہ کیا۔

بحیرہ خزر کے ساحلوں پر ہونے والی آٹھ مرحلوں پر مشتمل ان فوجی مشقوں میں دوسرے، تیسرے اور چوتھے سال میں زیر تعلیم فوجی کیڈٹوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

اس دوران خلیج عدن میں واقع ایرانی بحری بیڑے سے بھی براہ راست رابطہ منعقد اور کھلے سمندروں میں ایران کی مستحکم نیوی کے اقدامات کی رپورٹ بھی پیش کی گئی جس پر سپریم کمانڈر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے مسلح افواج کے اقدامات کی قدردانی اور اللہ تعالی سے ان کی مزید ترقی اور توفیق الہی حاصل کرنے کی دعا کی ۔ آپ نے اس موقع پر فرمایا کہ ایران کی مسلح افواج میں یہ توانائی موجود ہے کہ اپنے عزیز ملک ایران کے اطراف میں واقع سمندروں کو اپنی ذہانت اور شجاعت سے مکمل طور پر محفوظ بنائیں۔  

اس سے قبل فوج کے کمانڈر ان چیف میجر جنرل موسوی نے رہبر انقلاب اسلامی اور مسلح افواج کے سپریم کمانڈر کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج، دیگر مسلح افواج کے ہمراہ، ملت ایران کے استحکام اور شرافت کی پاسبانی کے لئے صف اول پر مستعد کھڑی ہے۔

 

700 /