عقیقہ کے جانور
س۔ کیا ہر قسم کے حلال گوشت جانور کو عقیقہ کے طور پر ذبح کیا جا سکتا ہے؟
ج۔ عقیقہ صرف بھیڑ بکری، گاۓ یا اونٹ کے ذریعے ہو سکتا ہے اور کوئی دوسرا جانور جیسے مرغ و غیرہ کافی نہیں ہے۔
لڑکے اور لڑکی کے عقیقہ میں فرق
س۔ کیا لڑکے اور لڑکی کے عقیقے میں فرق ہے؟
ج۔ کوئی فرق نہیں ہے ہاں مستحب ہے کہ عقیقے کا جانور لڑکے کیلۓ نر اور لڑکی کیلۓ مادہ ہو
غیر مسلم کو مردار فروخت کرنا
س۔ اگر کوئی جانور مر جاۓ یا اسے شرعی طریقے سے ذبح نہ کیا گیا ہو تو کیا اس کا گوشت اور اس سے بنی ہوئی غذائی اشیا کو غیر مسلم کے پاس بیچا جا سکتا ہے؟
ج۔ کھانے کیلۓ اسے کسی کے پاس بیچنا جائز نہیں ہے چاہے مسلمان ہو یا غیر مسلم ۔
سمندری جڑی بوٹیاں
س۔ کیا کھانا تیار کرنے میں سمندری جڑی بوٹیوں سے استفادہ کیا جا سکتا ہے؟
ج۔ اس میں کوئی اشکال نہیں ہے ۔
سجدے میں انگلیوں کا حکم
س۔ کیا سجدے میں انگلیاں بھی ہتھیلی کا حصہ شمار ہوتی ہیں اور انہیں بھی زمین پر قرار دینا ضروری ہے؟
ج۔ انگلیاں بھی ہتھیلی کا حصہ ہیں اور احتیاط واجب کی بنا پر ضروری ہے کہ سجدے میں ہتھیلی کو اس طرح زمین پر رکھا جاۓ کہ عرفاً کہا جاۓ پوری ہتھیلی زمین پر ہے ۔
عبادت میں وسواس کی پروا کرنا
س۔ کیا عبادات میں وسواس کی پروا کرنا حرمت کے علاوہ عمل کے بطلان کا سبب بھی ہے ؟
ج۔ نماز میں وسواس کی وجہ سے افعال کا تکرار کرنا جائز نہیں ہے اور اس سے نماز باطل ہو جاتی ہے اسی طرح وسواس کی وجہ سے اذکار اور قرائت کا تکرار بھی جائز نہیں ہے اور بنا بر احتیاط واجب اس سے نماز باطل ہو جاتی ہے لیکن وضو اور غسل میں وسواس کی وجہ سے عمل کا تکرار کرنا اگرچہ حرام ہے لیکن یہ عمل کے بطلان کا سبب نہیں بنتا مگر یہ کہ انسان صحت کے شرائط میں سے کسی کی رعایت نہ کرے (مثلاً وضو میں بائیں ہاتھ کو دوسے زیادہ مرتبہ دھوۓ یا وضو والے پانی کے علاوہ کسی دوسرے پانی سے مسح کرے )
سلامِ نماز کا تکرار
س۔ اگر کوئی شخص نماز کے کسی سلام کے صحت کی بارے میں شک کرے اور شک کا سرچشمہ وسواس ہو تو کیا احتیاطاً سلام کا تکرار کر سکتا ہے؟
ج۔ اگر کسی بھی سلام کی صحت کے بارے میں شک ہو جاۓ تو اس کا تکرار کرنا ضروری نہیں ہے لیکن اگر تکرار کرے تو کوئی حرج نہیں ہے۔
زندہ افراد کی نیابت میں مستحب نمازیں
س۔ کیا زندہ افراد کی نیابت میں مستحب نمازیں پڑھنا صحیح ہے؟
ج۔ ہاں جائز ہے اگرچہ بہتر یہ ہے کہ مستحب نماز کو نیابت کے قصد کے بغیر پڑھے اور پھر اس کا ثواب مد نظر زندہ شخص کو ہدیہ کردے۔
اموال کے تیسرے حصے کا حساب
س۔ ایک شخص نے وصیت کی ہے کہ اس کے مال سے پانچ سال کی نمازیں پڑھائی جائیں اور روزے رکھواۓ جائیں اور پانچ سو دنوں کا کفارہ اور ایک ملین ردِ مظالم ادا کیا جاۓ اگر اس کے اموال کا تیسرا حصہ تین ملین ھو تو اس تین ملین کو کس طرح ان کاموں کے در میان تقسیم کیا جاۓ گا؟
ج۔ کفارہ اور ردِ مظالم اصل ترکہ سے ادا کۓ جائیں گے لیکن نماز اور روزے کا حساب تیسرے حصے سے کیا جاۓ گا اور اگر ان کا خرچہ تیسرے حصے سے زیادہ ھو اور وارث اسے ترکہ سے ادا کرنے پر راضی نہ ھوں تو اضافی خرچے کے مطابق نماز اور روزے کم ہو جائیں گے اور اس صورت میں جتنی نمازیں اور روزے باقی بچیں گے بڑے بیٹے پر واجب ہے کہ انہیں انجام دے
شادی کے عقد کے ضمن میں شرط
س۔ ایک مرد اور عورت شادی کرنا چاہتے ہیں اور جانتے ہیں کہ شادی کے نتیجے میں عورت کا نان و نفقہ مرد کے ذمے ہوتا ہے لیکن اس کے باوجود چونکہ مرد کی آمدنی کم ہے اور عورت خود ملازمہ ہے اس لۓ وہ دونوں شرط کرتے ہیں کہ مرد نفقہ نہیں دے گا اور عورت اپنے اخراجات کا خود انتظام کرے گی اور ضرورت کے موقع پر اور عورت کا کام ختم ہو جانے کی صورت میں مرد عورت کے اخراجات فراہم کرے گا کیا یہ صحیح ہے ؟ اور اس شرط کی پابندی لازم ہے یا نہیں ؟
ج۔ عقد میں ایسی شرط جائز ہے اور اس پر عمل کرنا ضروری ہے
استغفار اور کفارات کی ادائگی
س۔ اگر شخص فقیر ہو اور استغفار کر لے اور بعد میں غنی ہو جاۓ تو کیا غیر عمدی کفارے میں تأخیر کا فدیہ یا کفارہ عمدی کفارے کی طرح ہے اور اس کا ذمہ بری ہو جاۓ گا یا یہ اس کے ذمے میں رہے گا ؟
ج۔ تأخیر کے فدیے یا کفارے میں جب تک مالی توان نہ ہو اس وقت تک کوئی ذمہ داری نہیں ہوتی اور مالی توان حاصل ہونے کے بعد اس کا ادا کرنا ضروری ہے۔
مضطر شخص کا سجدہ
س۔ جو شخص معمول کے مطابق سجدہ نہیں کر سکتا اور کرسی پر سجدہ کرتا ہو تو سجدے کے دیگر اعضا کے رکھنے کے بارے میں اس کی ذمہ داری کیا ہے ؟
ج۔ بنا بر احتیاط ضروری ہے کہ پیشانی اس چیز پر رکھی جاۓ جس پر سجدہ کرنا صحیح ہے لیکن سجدے کے دیگر اعضا کا رکھنا ضروری نہیں ہے اگرچہ احتیاط اچھا ہے۔
تیسرے حصے سے زیادہ میں ورثا کی اجازت
س۔ ایک شخص نے اپنے اموال کے تیسرے حصے سے زیادہ کی وصیت کی ہے اور ورثا نے اس کی زندگی میں اس زائد مقدار کی اجازت دے دی تھی آپ کے فرمان کے مطابق شخص کے فوت ہونے کے بعد ورثا اپنی اجازت سے پلٹ نہیں سکتے تو کیا اس کے فوت ہونے سے پہلے بھی نہیں پلٹ سکتے؟
ج۔ نہیں پلٹ سکتے۔