رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے سپاہ قدس بریگیڈ کے کمانڈرجنرل قاسم سلیمانی کی جانب سے دہشت گرد تنظیم داعش کے عراق اور شام میں خاتمہ پر مبنی خط کے جواب میں فرمایا: میں اللہ کا شکرادا کرتاہوں کہ اللہ تعالی نے آپ کی اور آپ کے ساتھیوں کی مختلف سطحوں پر مجاہدانہ ، فداکارانہ اور مخلصانہ کوششوں کو کامیابی عطا کی اور آپ کے ہاتھوں داعش کے شجرہ خبیثہ کو نیست و نابود کیا جسے عالمی طاغوت نے عراق اور شام میں بویا تھا۔ آپ اور آپ جیسے صالح اور نیک افراد نے عراق اور شام سے داعش کے شجرہ خبیثہ کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینک دیا ۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ آپ نے صرف داعش کے تسلط کا ہی خاتمہ نہیں کیا ، بلکہ آپ نے اس خبیث و غلط پالیسی کو بھی شکست دی جوعلاقے کے ممالک کے درمیان تفرقہ ڈالنے اور اختلافات پیدا کرنے، صیہونی مخالف محاذ کو ختم کرنے اورآزاد و خودمختارحکومتوں کو اس شقی القلب اور گمراہ کن گروہ کے ذریعے کمزور کرنے پر مبنی تھی۔
حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا آپ نے سرطانی ٹیومر، داعش کو شکست دیکر عراق و شام کے عوام بلکہ دنیا بھر کی اقوام اور انسانیت کی عظیم خدمت کی ہے۔
آپ نے اس عظیم کامیابی پردل کی گہرائی سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے دشمن کے مکر و فریب سے ہوشیار رہنے پر تاکید کی۔
رہبرمعظم انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ جنہوں نے اس سازش کیلئے سرمایہ کاری کی تھی وہ چین سے نہیں بیٹھیں گے اور نئے منصوبوں پر کام جاری رکھتے ہوئے اسے دوسرے علاقے یا پھر نئے نام سے ابھارنے کرنے کوشش کریں گے۔
حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے دشمن کے مکر و فریب سے ہمیشہ آگاہ اور ہوشیار رہنے، اتحاد و وحدت کی برقراری، بصیرت و آگاہی پر مبنی {بنیادی} ثقافتی سرگرمیاں جاری رکھنے اور ہمیشہ آگاہ اور ہوشیار رہنے پر تاکید کی۔
رہبرمعظم انقلاب اسلامی نےفرمایا میں آپ کو اور آپ کے تمام ساتھیوں اورعراق و شام کے مجاہدوں کو اللہ کی پناہ میں سونپتے ہوئے اس عظیم کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے قدس بریگیڈ کے کمانڈر، جنرل قاسم سلیمانی نے منگل کے روز رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے نام ایک پیغام میں داعش دہشتگردوں کے خاتمے کا اعلان کیا تھا اور اس بڑی کامیابی پر رہبر معظم اور اسلامی دنیا کو مبارکباد پیش کی تھی۔