رہبرانقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے 12ویں رمضان کو تہران میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں شہید ہونے والے روزہ داروں کے اہل خانہ کو تعزیت پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ایسے جرائم اور حملوں سے ایرانی قوم کا مضبوط عزم اور جذبہ کمزور نہیں ہوگا۔
آپ نے اپنے پیغام میں فرمایا کہ 7 جون کو ایرانی پارلیمنٹ اور حضرت امام خمینی (رح) کے مزار پر دہشت گردانہ حملوں سے ایرانی قوم، انقلاب، اسلامی جمہوری نظام اور بانی انقلاب اسلامی کے خلاف سامراجی طاقتوں اور خبیث عناصر کی پرانی دشمنی ظاہر ہوتی ہے ۔
رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ایرانی قوم کے عزم کو کمزور کرنے کے لئے ایسے بزدلانہ حملوں کی کوئی حیثیت نہیں اور ایسی کارروائیوں کا واحد نتیجہ امریکہ اور خطے میں اس کے حواری ممالک بالخصوص سعودی عرب سے نفرت میں اضافے کے سوا کچھ نہیں ہے۔
رہبرانقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اس پیغام میں تاکید کی کہ اس قسم کی جارحیت اور جرائم کرنے اور اس کا باعث بننے والوں میں اتنی توانائی نہیں ہے کہ وہ ایرانی قوم اور حکام کے ارادوں اور فیصلوں پر اثرانداز ہو سکیں۔
انہوں نے فرمایا کہ ایرانی عوام طاقت اور اتحاد کے ساتھ اپنا سفر جاری رکھیں گے۔
حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے تہران حملوں میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔
واضح رہے کہ تہران میں بدھ کے روز ایرانی پارلیمنٹ اور حضرت امام خمینی (رح) کے حرم کے احاطے میں دہشت گردوں کے وحشیانہ حملوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر سترہ افراد شہید اور پچاس زخمی ہوئے تھے ۔
دہشتگرد گروہ داعش نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔