رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے رائے دہی کے ابتدائی لمحات میں بارہویں صدارتی اور پانچویں بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیتے ہوئے اپنا ووٹ، حسینیہ امام خمینی میں واقع بیلٹ باکس نمبر ایک سو دس میں ڈالا۔
قائد انقلاب اسلامی نے اس موقع پر جمہوریت اور انتخابات میں عوام کی شرکت کو ایک نعمت قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ عوام کو چاہئے کہ ووٹنگ کے عمل میں زیادہ سے زیادہ اور جلد از جلد شرکت کریں، کیونکہ نیک عمل کو سروقت انجام دینا چاہئے اور اس میں دیر نہیں کرنی چاہئے۔
اس موقع پر رہبر انقلاب اسلامی نے صدارتی انتخابات کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ ملک کی تقدیر عوام کے ہاتھوں میں ہے، کیونکہ مجریہ کے سربراہ کے انتخاب کا مسئلہ ہے۔ آپ نے بلدیاتی اور دیہی کونسلوں کے انتخابات کو بھی اہم قرار دیا کیونکہ جن لوگوں کا انتخاب کیا جائے گا وہ شہروں اور دیہات میں رہنے والے لوگوں کے روزمرہ کے مسائل اور خدمات کے ذمہ دار ہوں گے۔
آپ نے ایران کے قومی ریڈیو اور ٹیلی ویژن اور صحافیوں کا جو خبر پہنچانے جیسی اہم ذمہ داری میں سرگرم رہتے ہیں، شکریہ ادا کرتے ہوئے ایرانی عوام کو مشورہ دیا کہ انتخابات میں غور و فکر، سوج بوجھ اور شناخت کے ساتھ شرکت کریں۔