رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اپنے ایک پیغام میں ایران کے صوبے گلستان میں کان کے ایک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو تعزیت پیش کرتے ہوئے، کان میں پھنسے کان کنوں کو نجات دلانے کے لئے تمام ترضروری اقدامات عمل میں لانے پر تاکید فرمائی ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی کا مکمل پیغام:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
[صوبہ] گلستان کی کان میں پیش آنے والی اس مصیبت اور دلخراش واقعے سے مجھے انتہائی دکھ اور صدمہ پہنچا ہے کہ جس میں متعدد محنت اور مشقت کرنے والے کان کن جاں بحق ہوئے اور بعض دیگر افراد پھنس گئے ہیں۔ پھنسے ہوئے لوگوں کو فوری طور پر بچانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔ یہ حادثہ انتہائی تلخ ہے اور ہمیں اللہ کی نظر کرم کی امید ہے۔ [اس واقعے کے مرحومین کے] اہل خانہ کی خدمت میں تعزیت پیش کرتا ہوں اور ان کے لئے صبر و سکون اور ملبے کے نیچے دبے افراد کے لئے الہی امداد کی طلب کرتا ہوں۔ تمام متعلقہ اداروں کی کوششیں، اللہ تعالی کی بارگاہ میں باعث اجر ہیں اور اشد ضرورت ہے کہ ان کوششوں میں اضافہ کیا جائے۔
سید علی خامنہ ای
چودہ اردیبہشت 1396 مطابق، 4 مئی 2016