قدرتی ذخائر اور جنگلات کے ہفتے کے موقع پر رہبر انقلاب آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے بدھ کے روز پھل دار درختوں کے دو پودے لگائے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اس موقع پر اپنے مختصر بیان میں ماحولیات، پودوں اور جنگلات کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور اس بات کی جانب اشارہ کیا کہ ہوا اور ماحولیاتی آلودگی، پودوں اور جنگلات کی قلت کی وجہ سے پیش آرہی ہے۔ آپ نے زور دے کر کہا کہ ایران کی جغرافیائی پوزیشن اور ریگستانوں کی وسعت کے پیش نظر، جنگلات اور پودوں کی کاشت کی ضرورت بڑھ جاتی ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اس موقع پر ایران میں موجود متنوع جڑی بوٹیوں اور ملک کے شمالی علاقوں میں واقع جنگلات کو ماحولیاتی اعتبار سے ایران کے لئے ایک بڑی نعمت قرار دیا۔ آپ نے فرمایا کہ ایران کے شمالی علاقوں میں واقع وسیع جنگلات کا شمار دنیا کے کم نظیر جنگلوں میں ہوتا ہے، جن کی حفاظت کرنا اور غیرقانونی تجارت سے انہیں محفوظ رکھنا ہر شخص کی ذمہ داری ہے۔ آپ نے زور دے کر کہا کہ ادارہ جنگلات اور زراعت کے اعلی عہدے داروں کو چاہئے کہ اپنے فرائض کی اہمیت سے واقف رہیں اور اس قومی ثروت کو محفوظ رکھنے کی بھرپور کوشش کریں۔
ہفتہ شجرکاری ماحولیات سے ایرانی عوام کے لگاؤ اور احترام کی علامت ہے
رہبر انقلاب اسلامی نے اپنی مختصر گفتگو میں ایران میں پھلوں کی پیداوار اور کوالٹی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اسے رنگ، مزے اور حجم کے لحاظ سے منفرد قرار دیا اور پھلوں کی درآمدات کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے، اس کی روک تھام کو متعلقہ حکام کا فریضہ قرار دیا۔ آپ نے ہفتہ شجرکاری کو ماحولیات اور سرسبز قدرتی ذخائر سے ایرانی عوام کے لگاؤ اور اس کے احترام کی ایک زندہ مثال قرار دیا اور کہا کہ ہر ایک کو اس الہی نعمت کی قدر کرنی چاہئے۔