ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

صوبائی ثقافتی عہدے داروں اور کارکنوں سے رہبر انقلاب کی ملاقات

شہید محسن حججی دنیا کی نظروں کے سامنے خدا کی حجت ہیں

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے پیر کی صبح کو ایران کے یزد اور ہمدان صوبوں کے ثقافتی اداروں کے عہدے داروں اور اس شعبے میں سرگرم افراد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر آپ نے نوجوان نسل میں انقلابی جذبے کی تقویت پر زور دیتے ہوئے فرمایا شہید محسن حججی انقلابی فکر کے نمود کی ایک درخشاں مثال ہیں۔ آپ نے فرمایا کہ مختلف صورتحال  میں انقلابی تحریک کو تقویت پہنچانا اور اس کی حمایت کرنا ثقافتی امور کے عہدے داروں کے فرائض میں شامل ہے۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے موجودہ دنیا میں نوجوان نسل کو گمراہ کرنے کی غرض سے وجود میں آنے والے ماحول اور وسائل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ اس طرح کے نقصان دہ پروپیگنڈے اور گمراہ کن آوازوں کے مقابلے میں، نوجوانوں کی ہدایت و رہنمائی اور ذہنی تربیت کے لیے بھی عظیم گنجائش اور وسائل موجود ہیں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے شہید حججی کو اسلامی اور انقلابی فکر کی نمود کی درخشاں مثال قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ یہ عزیز شہید، شہید حججی، ایسی دنیا میں جہاں لاتعداد سمعی و بصری دریچے کھلے ہوئے ہیں، یوں شاندار انداز میں جلوہ گر ہوئے اور دنیا کی نظروں کے سامنے خدا کی حجت اور دلیل بن گئے۔

قائد انقلاب نے نوجوانوں کی جانب سے دشمنوں کا مقابلہ کرنے کے لئے بے شمار درخواستوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ آج کے بہت سے نوجوان جن کا جذبہ بھرپور اور ایمان بے مثال ہے، اپنی زندگی، گھرانے اور سکون کو قربان کرکے ملک کا دفاع اور دشمنوں کا مقابلہ کرنا چاہتے ہیں اور انقلاب کے ان نئے اور قیمتی نہالوں کی قدر کرنا چاہئے۔

آپ نے انقلابی اور پرجوش جذبے کی تقویت کو ثقافتی شعبے میں سرگرم افراد اور عہدے داروں کا فرض قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ اپنی تمام تر توجہ نوجوانوں کی دینی اور انقلابی تربیت پر مرکوز کریں اور جان لیں کہ انقلابی، دینی جذبے، جہادی رجحان اور خدا کی راہ میں فعالانہ جہاد کے رجحان کی تقویت کے ساتھ ساتھ اخلاق کا عنصر بھی ایجاد اور برقرار ہوجاتا ہے۔

رہبر انقلاب نے تاکید کی کہ اعلی عہدے داروں کو چاہئے کہ انقلابی طاقت کی عظیم لہر کو جو خوش قسمتی سے نوجوانوں میں پائی جاتی ہے، مستحکم کریں اور ایسے کام نہ کریں کہ یونیورسٹیوں، تعلیمی اداروں اور دینی تبلیغ کے عمل میں انقلابی اور اسلامی جذبے کی مخالف تحریک کو طاقتور ہونے کا موقع ملے۔       

700 /